صاحبزادہ فرحان’ ٹی20 میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے پلیئر بن گئے

لاہور (سپورٹس نیوز) قومی ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران کو پیچھے چھوڑ کر 2025 میں ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ صاحبزادہ فرحان نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گئے میچ میں 28 رنز سکور کیے جس کے بعد رواں سال ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں ان کے سکور کردہ رنز کی تعداد 1615 ہوگئی ہے۔نکولس پوران اس فہرست میں 1611 رنز بنا کر دوسرے جب کہ ان کے ہم وطن بلے باز شے ہوپ 1558 رنز سکور کرکے تیسرے نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 111 رنز کا ہدف 14 ویں اوور میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔میزبان ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 71 رنز ناٹ آئوٹ بنا کر نمایاں رہے۔بابر اعظم 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ پویلین لوٹے۔ صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کی ٹیم 20 ویں اوور میں 110 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ پروٹیز کی جانب سے ڈیوالڈ بریوس 25 رنز بنا کرنمایاں رہے۔ کپتان ڈونوون فریرا 15، اوٹنیل بارٹمن 12، کوربن بوش 11، جورج لنڈا 9، ناندرے برجر 9، کوانٹن ڈی کاک 7، ٹونی ڈی زورزی،میتھیو بریٹزکے 5 جبکہ ریزا ہینڈرکس صفر کے انفرادی اسکور پر آئوٹ ہوئے۔ لنگی اینگیڈی 7 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے4، سلمان مرزا نے 3، نسیم شاہ نے 2 اور ابرار احمد نے 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں