صحافی کالونی کے قیام کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز سے جلد ملاقات کرینگے،شاہد علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کا اجلاس صدر شاہد علی کی قیادت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں صدر شاہد علی نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کے خلاف سنگین مظالم ہیں۔اجلاس میں صحافی کالونی کے قیام کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صدر شاہد علی نے بتایا کہ اس سلسلے میں بہت جلد وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد پریس کلب سکول قائم کیا جائے گا، جو کہ پریس کلب انسٹیٹیوٹ اور پریس کلب دستکاری سکول کے بعد ایک اور اہم منصوبہ ہوگا، جو فیصل آباد پریس کلب کو دیگر اداروں سے ممتاز کرے گا۔سیکرٹری پریس کلب عزادار حسین عابدی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہیلتھ سکریننگ کیمپ لگایا جائے گا، جس میں ہیپاٹائٹس بی سمیت دیگر بیماریوں کی مفت سکریننگ فراہم کی جائے گی۔صدر شاہد علی نے پریس کلب میں نظم و ضبط کے قیام میں میاں کاشف فرید کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پیش کی گئی، جسے کابینہ کے اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اجلاس میں نائب صدر ظفران سرور، فنانس سیکرٹری شوکت ملک، جوائنٹ سیکرٹری ندیم جاودانی، ایگزیکٹو ممبران رانا محسن فاروق، شاہد محمود، افشاں بتول، رفعت انور، علی مان، ارشد انصاری، نادر حسین مان اور میاں کاشف فرید نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں