اسلام آبا د(بیوروچیف) صدر،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے جنوبی وزیرستان میں 13خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب آپریشن کے دوران خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا، صدر مملکت نیملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغا میں 13 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کو سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، ملک سے فتنہ الخوارج اور دہشتگردی کی مکمل سد باب تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی،ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں 13 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ بہادر سکیورٹی فورسز پر قوم کو ناز ہے۔ سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ پاکستان کے عوام سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انشاء اللہ عوام کی حمایت سے خوارجی دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
2