صدر پریس کلب شاہد علی پر حملہ کرنیوالے ملزمان کو گرفتار کیا جائے،سینئر نائب صدر جی اے تنویر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صدر پریس کلب فیصل آباد شاہد علی پر حملے کے خلاف پریس کلب کے اجلاس میں شدید مذمت کی گئی اور سینئر نائب صدر جی اے تنویر کی جانب سے پیش کردہ مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں پولیس کی جانب سے حملہ آوروں کی تاحال گرفتاری نہ ہونے کو مجرمانہ غفلت اور ناقابلِ قبول قرار دیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ ”ایک پر حملہ، سب پر حملہ ہے” اور اس واقعے کے بعد پولیس کی خاموشی پوری صحافی برادری کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔اجلاس کی صدارت سینئر نائب صدر جی اے تنویر نے کی، جبکہ صدر پریس کلب شاہد علی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری پریس کلب سید عزداد حسین نی کابینہ کو آگاہ کیا کہ پریس کلب میں اسپورٹس کمپلیکس مکمل ہو چکا ہے، جس کا افتتاح بہت جلد کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ ممبران اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک میڈیکل کیمپ بھی لگایا جائے گا، جس میں اسکیننگ، ای سی جی اور بعدازاں انجیوگرافی سمیت تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پریس کلب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی زیر غور ہیں۔سینئر نائب جی اے تنویر نے یہ بھی بتایا کہ صوبای وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد فیصل آباد کے صحافیوں کو ”صحافی کالونی” کی خوشخبری دیں گی، جس کا صحافی برادری کئی برسوں سے انتظار کر رہی ہے۔ اجلاس میں نائب صدور ظفران سرور، ردا سندھو، جوائنٹ سیکرٹری ندیم جاودانی، ایگزیکٹو ممبران شاہد محمود، ارشد انصاری، افشاں بتول، رانا حنا جمیل، رفعت انور، علی رضا، توفیق یوسف، نادر مان، ڈاکٹر سعید، طاہر علی مان، نعیم شاکر اور کمال بٹ نے شرکت کی۔ آخر میں معروف شخصیت گل زیب ملک کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں