صرف ایک لاکھ روپے میں الیکٹرک جیپ تیار

بہار ( مانیٹرنگ ڈیسک )کچھ لوگ خداد صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں ایسے ہی ایک شخص نے صرف ایک لاکھ روپے میں الیکٹرک جیپ تیار کر لی ہے۔ٹیلنٹ کسی کی میراث نہیں، خداداد صلاحیتوں کے ساتھ کوئی بھی شخص ہمت وحوصلہ سے کام لے تو بڑے بڑے کارنامے انجام دے سکتا ہے، جیسا کہ اس نوجوان نے صرف ایک لاکھ میں الیکٹرک جیپ تیار کر سب کو حیران کر دیا۔یہ حیرت انگیز کارنامہ انجام دینے والا بھارتی ریاست بہار کا نوجوان مرشد عالم ہے، جو کوئی انجینئر نہیں بلکہ گاڑیوں کی مرمت کی ایک چھوٹی سی دکان چلاتا ہے۔ تاہم ہر دم کچھ نیا کرنے کی جستجو نے آج اس کو ایک سستی ترین الیکٹرک جیپ کا موجد بنا دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پورنیہ میں مرشد عالم نامی نوجوان نے صرف 18 دنوں میں ٹیوب لیس ٹائرز، اسپیڈو میٹر، پاور اسٹیئرنگ اور چارجنگ پوائنٹ سے لیس ایک الیکٹرک جیپ تیار کی، جس پر کل ایک لاکھ روپے خرچ ہوئے۔اس الیکٹرک جیپ میں پانچ نشستیں ہیں، سامنے دو اور پیچھے تین افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ نوجوان نے سب کو جیپ چلا کر حیران بھی کر دیا۔مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرشد عالم نے بتایا کہ اس کی بیٹری کو مکمل طور پر چارج ہونے میں تقریبا پانچ گھنٹے لگتے ہیں، جس کے بعد یہ جیپ بغیر کسی دشواری کے تقریبا 100 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے، اس گاڑی پر مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔نوجوان کا کہنا تھا کہ اس نے دیہی علاقوں کے کسانوں اور چھوٹے تاجروں کو مناسب آمدورفت کے وسائل نہ ہونے پر ان کے لیے گاڑی بنانے کا سوچا اور پھر یہ گاڑی وجود میں آئی۔مرشد کا کہنا تھا کہ کسان اپنی فصل، کھاد اور دیگر سامان لے جانے کے لیے اس منی الیکٹرک جیپ کے ساتھ ایک اضافی ٹرالی بھی جوڑ سکتے ہیں، جس سے یہ گاڑی دیہی علاقوں میں خاصی کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں