صفائی پلان پر عملدرآمد نہ ہونے پر ٹھیکے منسوخ،ادائیگیاں روکنے کی وارننگ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ کمیٹی برائے ستھرا پنجاب پروگرام کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ایم پی اے چوہدری عارف محمود گل کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سابق میئر فیصل آباد رزاق ملک’ سابق ایم پی اے چوہدری فقیر حسین ڈوگر’ سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رئوف احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایف ایم سی کے رئوف احمد نے آئوٹ سروس کے بعد کنٹریکٹرز کی طرف سے صفائی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ستھرا پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جسے میونسپل سروسز کی فراہمی میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر سے کوڑا کو اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس پر تلف کرنا ہدف ہے جن کی انجام دہی کیلئے کنٹریکٹرز ہیومن ریسورسز اور مشینری کو بروئے کار لائیں تاکہ پروگرام کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کو صفائی ستھرائی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشینری کے جذبے سے کام کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یونین کونسلز کی سطح پر صفائی ستھرائی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات تیز کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا سسٹم متعارف کروانا ہے کہ دوبارہ محلوں میں کوڑا نہ ہو اس ضمن میں بہتر مائیکروپلاننگ کی جائے۔ انہوں نے کنٹریکٹرز پر واضح کیا کہ کسی جگہ کوڑا کرکٹ کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ کوڑا کوڑے دانوں یا سڑکوں’ گلیوں میں پڑا نظر آیا تو ٹھیکے بھی منسوخ ہونگے اور ادائیگیاں بھی روک لی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ اس ضمن میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کنٹریکٹرز سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہے۔ کمیٹی کے ارکان عوامی نمائندوں نے بھی ستھرا پنجاب کی کامیابی پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں