35

صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے اکٹھے انتخابات کروانے پر حکومتی اور فوجی حکام متفق

اسلام آباد (بیوروچیف) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پہلا اجلاس ہوا جس میں وزرا اور حکمران اتحادی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور تقریبا پانچ گھنٹے جاری رہا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ دوسرا اجلاس ایک گھنٹہ جاری رہا اور اس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے بھی شرکت کی۔اجلاسو ں کے دوران حکومتی و عسکری حکام نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔اجلاس میں مسلح افواج اور عدلیہ سمیت ریاستی اداروں کو کردار کشی کی مہم کے ذریعے بدنام کرنے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں عدالتی احکامات کی تعمیل کرانے والے پولیس اور رینجرز پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور اسے ریاست کے خلاف دشمنی قرار دیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ۔تمام شواہد اور ثبوت دستیاب ہیں، جس کے تحت بدامنی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر فوج اور آرمی چیف کے خلاف مہم کی مذمت کی گئی اور لوگوں پر زور دیا گیا کہ وہ اس کا حصہ نہ بنیں۔ملک کی سویلین اور ملٹری ہائی کمان کے طویل اجلاسوں میں پی ٹی آئی کی جاری احتجاجی تحریک کے بارے میں انتہائی ناگوار نقطہ نظر کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو سیاسی جماعت کے بجائے کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ شرپسندوں کا گروہ قرار دیا اور اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا عزم کیا۔حکام نے مشاہدہ کیا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں کے ساتھ خصوصی سلو ک کا تاثر مضبوط ہوتا جا رہا ہے، بیان میں کہا گیا کہ انصاف کے دہرے معیار کو قبول نہیں کیا جائے گا۔وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتیں اپنی تحلیل کے 90 روز کے اندر پنجاب اور کے پی میں انتخابات کرانے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کافی پریشان ہیں اور انہوں نے تمام صوبوں اور وفاق میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے تحفظات کے پیش نظر اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات علیحدہ علیحدہ نہیں بلکہ ایک ہی وقت میں ہونے چاہئیںانہوں نے کہا کہ اگر اب پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوتے ہیں تو قومی اسمبلی کے انتخابات پر نئی صوبائی حکومت کا اثر و رسوخ ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں انتخابات گزشتہ مردم شماری کے تحت ہونے والے تھے جبکہ نئی مردم شماری آئندہ چار ماہ میں مکمل ہو جائے گی اور ملک میں عام انتخابات تازہ مردم شماری کے مطابق کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)کرے گا۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ایک حالیہ فیصلے میں پنجاب کی نگراں حکومت کو صوبے میں 30 اپریل کو انتخابات کرانے کی ہدایت کی تھی۔احسن اقبال نے کہا کہ عدالت عظمی نے یہ فیصلہ جلد بازی میں لیا ہے کیونکہ موجودہ حالات اتنی جلدی انتخابات کی اجازت نہیں دیتے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سپریم کورٹ کی ذمہ داری تھی کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا فیصلہ کرے۔ علاوہ ازیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) قیادت کے6گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی اجلاس میں شریک وفاقی وزیر احسن اقبال نے بتایا ہے کہ اجلاس میں اکثریت کی رائے تھی کہ جو شخص ملک، قانون اور اداروں کے خلاف بغاوت کر رہا ہے، اس سے بات کرنے کا مطلب ہے کہ ہم ان کی روش کو سند قبولیت دے رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور اور اسلام آباد میں ہونے والی قانون شکنی کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔ ریاست کی رٹ بحال ہونی چاہیے۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان قانون شکنی کریں گے تو ریاست کو قانون شکنوں سے نمٹنا آتا ہے، جب تک عمران خان اپنی روش ٹھیک نہیں کریں گے بات کیسے ہو سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت عمران خان سے بات کرنا ان کے رویے کو سند قبولیت دینا ہے، تحریک انصاف نے بغاوت کا علم بلند کیا ہے، اس کے خلاف شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، عمران خان اسی روش پر ہیں جس پر ہٹلر کی نازی پارٹی تھی۔احسن اقبال نے کہا کہ مظلوم ہمیشہ کمزور ہوتا ہے عدالت کے رحم و کرم پر ہوتا ہے، جس کے لیے عدالت رات 8 بجے تک کھلی رہے جج انتظار کریں وہ تو طاقتور ہے، سپریم کورٹ کا فرض تھا کہ تمام معاملات پر غور کرتی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے فریب کا پروپیگنڈہ شاید پی ٹی آئی کا کارکن قبول کرتا ہوگا، ہم تو جہاں جاتے ہیں پوچھا جاتا ہے گرفتاری کیوں نہیں ہورہی ہے؟ہمارا ووٹر عمران خان کو گرفتار نہ کرنے پر ہم سے ناراض ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں