فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر زرا عت سید عاشق حسین کرمانی نے ویڈیو لنک کے ذر یعے فیلڈ فارمیشنز کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں و دیگر متعلقہ دائریکٹر جنرلز نے شرکت کی جبکہ فیلڈ فارمیشنز کے افسران آن لائن شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی کٹائی کے ریٹ میں کمی کیلئے جلد از جلد سروس پروائیڈرز کے ساتھ مذاکرات کریں اور کاشتکاروں سے بھی مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ گندم کی کٹائی کے دوران کاشتکاروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران جنگ کے باعث ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر حکومت گندم کے کاشتکاروں کو1500 روپے فی ایکڑ کے حساب سے سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔وزیر اعلی پنجاب گندم کے کاشتکاروں کیلئے فراہم کی جانے والی اس مالی اعانت کی خود مانیٹرنگ کریں گی۔




