صوبائی وزیر کا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ

سرگودھا (بیورو چیف)صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد برتھ، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور زیشان عاشق ملک اور سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ آفس واجد علی شاہ نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے افتتاح سے قبل فائنل ٹچ اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ڈیپ کے انجینئرز نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ ہسپتال میں جدید طبی آلات، ایمرجنسی، آئی سی یو، آپریشن تھیٹرز، تشخیصی سہولیات اور دیگر ضروری شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد برتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن ہے کہ عوام کو ان کے اپنے علاقوں میں معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اس وژن کا عملی مظہر ہے جو دل کے مریضوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور زیشان عاشق ملک نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی کا عکاس ہے انہوں نے کہا کہ فائنل ٹچ مکمل کر کے ادارے کو مکمل طور پر فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ افتتاح کے فوراً بعد عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ آفس واجد علی شاہ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ آلات کی تنصیب، اسٹاف کی تعیناتی اور دیگر انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ وفد نے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کیا اور جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں