لاہور (بیورو چیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد دی ۔ شہباز شریف اور سرفراز بگٹی نے ملاقات میں بلوچستان کی موجودہ اقتصادی، سماجی اور امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے کی ترقی کے حوالے سے موجودہ منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کو ملک میں سکیورٹی کے لیے اقدامات کی پیشرفت اور افغان باشندوں کی وطن واپسی کے عمل کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بالخصوص عید الفطر کے موقع پر ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اظہار اطمینان ۔ملاقات میں متعلقہ وزارت کے امور پر گفتگو ہوئی۔
