ضلعی انتظامیہ سرگودھا کا گراں فروشوں کیخلاف گرینڈ آپریشن

سرگودہا(بیوروچیف) گراں فروشوں کیخلا ف ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن جاری، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز / پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے یکم رمضان المبارک سے اب تک 20 دنوں میں 41 ہزار 165 سے زائد چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور خلاف ورزیوں پر 21لاکھ 28 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے، گراں فروشی میں ملوث 108 دوکانداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا اور 247 افراد کو گرفتار اور ناجائز منافع خوری میں ملوث 09 چکن شاپس، گوداموں ودکانوں کو سیل کردیا گیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت کے حوالے سے درجنوں مارکیٹوں پر چھاپہ مار کاروائیاں کیں اور مصنوعی مہنگائی کا سبب بننے والے دوکانداروں کو جرمانے عائد کیے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اس سلسلہ میں شہری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور جہاں کہیں بھی مہنگے داموں اشیائے ضروریہ کی فروخت ہو تو فوری نشاندہی کرتے ہوئے شکایات درج کروائیں تا کہ غیر قانونی منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے شکنجے میں لاتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ماہ رمضان میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز/پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کیلئے فیلڈ میں متحرک رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر چھاپہ مارکاروائیاں کریں،صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں تاکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ممکن بناتے ہوئے مصنوعی مہنگائی کے جن کو قابو کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ افسران ذمہ داریوں کو ایمانداری اور خلوص نیت سے سرانجام دیں اورعوام کو درست داموں پر بنیادی اشیاء خورد نوش کی فراہمی کے لیے پوری طرح متحرک رہیں اور مصنوعی مہنگائی کا باعث بننے والے کسی بھی فرد کے ساتھ کوئی رعائیت نہ بڑتی جائے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں