ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کے انسداد تجاوزات کے احکامات ہوا میں اڑا دئیے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انسداد تجاوزات کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا، مبینہ طور پر مسلم لیگی سیاستدان کی کال پر 33 ج ب امین پور بنگلہ میں اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ تجاوزات ختم کئے بغیر واپس لوٹ آیا۔ ذرائع کے مطابق چک نمبر 33 ج ب امین پور بنگلہ میں تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے جبکہ علاقہ پٹواری کے رپورٹ کے مطابق قبضہ مافیا نے سڑک کے دونوں اطراف تھڑے’ دکانیں اور دیگر تجاوزات کرتے ہوئے 10 سے 12فٹ تک سڑک پر قبضہ کر رکھا ہے۔ شہریوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر ذوالقرنین اور ریونیو آفیسر محبوب کی ہدایت پر انسداد انکروچمنٹ کا عملہ 33 ج ب امین پور بنگلہ میں ہیوی مشینری کے ہمراہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے پہنچا تو مبینہ طور پر لیگی سیاستدان کی کال پر مذکورہ افسران نے اینٹی انکروچمنٹ عملہ کو بغیر آپریشن کئے واپس بلا لیا۔ جس پر اہل علاقہ سرکاری افسران کا منہ دیکھتے رہ گئے۔ سرکاری افسران نے بااثر قبضہ مافیا کے خلاف گھٹنے ٹیک دیئے اور ریڈلائن لگانے کے باوجود امین پور بنگلہ سے تجاوزات کا خاتمہ نہ کیا جا سکا۔ اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ 33 ج ب امین پور بنگلہ میں بلاامتیاز تجاوزات کے خلاف آپریشن کروایا جائے اور نشان زدہ تجاوزات کو مسمار کرنے کی بجائے قبضہ مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والے اے سی ذوالقرنین’ ریونیو آفیسر محبوب’ حلقہ پٹواری منیب کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر کی زیرنگرانی 33 ج ب میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں