ضلعی انتظامیہ ٹوبہ بارشی پانی کی نکاسی کیلئے متحرک

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے “ریلیف اور فوری ردعمل” ویژن کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں حالیہ بارشو ں کے دوران نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیوں اور ٹی ایم ایز کے چیف آفیسرز فیلڈ میں موجود ہیں اور نشیبی علاقوں کے مسلسل دورے کر رہے ہیں تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔مشینری بھی فیلڈ میں مکمل طور پر فعال ہے جن میں سکر مشینیں، ویکیوم سیور، ٹریکٹر ٹرالیاں اور ڈی واٹرنگ پمپس شامل ہیں۔ ان مشینوں کی مدد سے نکاسی آب کا عمل تیزی سے جاری ہے اور متاثرہ مقامات سے پانی نکالنے کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ضلعی سطح پر مون سون کنٹرول روم اور کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں سے بارش کی صورتحال، فیلڈ سرگرمیوں اور عوامی شکایات پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ عوامی شکایات پر فوری ردعمل دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق بارش کے دوران شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام انتظامی ٹیمیں اور مشینری فیلڈ میں موجود ہیں اور مسلسل نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں