ضلعی انتظامیہ کسی کاروزگار چھیننا نہیں چاہتی،تاجروں کو ریلیف دیا جائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیمبر آف کامرس میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی چوک گھنٹہ گھر میں MCF کی ڈپٹی چیف آفیسر میڈم عظمت فردوس اور ڈی ایس پی ٹریفک میڈم انعم نازجوائنٹ میٹنگ ہوئی جس میں رمضان المبارک میں آٹھ بازاروں میں موٹرسائیکل کے داخلے اوربند راستوں کو کھولنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا’ جوائنٹ میٹنگ میں سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین میاں عبدالمنان’ صدر حاجی اسلم بھلی’ جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین و منٹگمری بازار کے صدر حاجی عابد’ وائس چیئرمین شیخ آصف انوار’ چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر رانا فاروق اعظم’ چیئرمین عمران انور’ مرزا شہباز’ طارق چوہان کے علاوہ آٹھ بازاروں کے صدور’ جنرل سیکرٹری اور منتخب تاجر تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی’میاں عبدالمنان’ حاجی اسلم بھلی’ رانا ایوب منج’ حاجی عابد’ شیخ آصف انوار و دیگر تاجر رہنمائوںنے MCF کی ڈپٹی چیف آفیسر میڈم عظمت فردوس اور ڈی ایس پی ٹریفک میڈم انعم ناز کو بتایا کہ آٹھ بازاروں میں موٹرسائیکل کے داخلے پر پابندی اور بند راستوں کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے’ خریداروں نے آٹھ بازاروں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے’ خاص طور پر خواتین آٹھ بازاروں میں خریداری کیلئے آنے سے کترا رہی ہیں’رمضان المبارک میں روزہ دار بازاروں سے فاصلے پر پارکنگ سٹینڈز پر گاڑی یا موٹرسائیکل پارک کر کے پیدل بازارنہیں آ سکتے لہٰذا ہماری ضلعی انتظامیہ سے درخواست ہے کہ عید تک موٹرسائیکل کو داخلے کی اجازت دی جائے’ اس کے علاوہ آٹھ بازاروں کے داخلی اور خارجی راستوں کو بیریئر لگا کر بند کیا گیا ہے انہیں بھی کم از کم عید تک کھولا جائے تاکہ تاجروں کا کاروبار چل سکے’ آٹھ بازاروں کے تاجر اس وقت سخت پریشانی میں مبتلا ہیں انہیں ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں’ میٹنگ کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے MCF کی ڈپٹی چیف آفیسر میڈم عظمت فردوس اور ڈی ایس پی ٹریفک میڈم انعم ناز نے کہا کہ آپ کی تجاویز ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے سامنے رکھی جائیں گی انشاء اللہ تاجروں کو ریلیف دیا جائے گا’ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کسی کا روزگار چھیننا نہیں چاہتی’ ہم آپ لوگوں کے ساتھ مل کر آٹھ بازاروں کا حسن واپس لانا چاہتے ہیں جس میں ہم کافی حد تک کامیاب ہو چکے ہیں’ یہ آپ لوگوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا’ انہوں نے شرکاء میٹنگ سے کہا جب بھی کوئی پلازہ تعمیرہوتا ہے تو پارکنگ کیلئے جگہ مختص کی جاتی ہے مگر آپ لوگوں نے پلازے کھڑے کر لئے مگر پارکنگ کا کوئی نظام نہیں بنایا’ ظلم کی بات یہ ہے کہ ایک یا دو فٹ کی رجسٹری رکھنے والوں نے پانچ پانچ مرلے تک انکروچمنٹ کی ہوئی ہے’ انہوں نے تاجر رہنمائوں کو یقین دلایا کہ رزق منجانب اللہ ہے’ انشاء اللہ اللہ تعالیٰ نے ہم سب کیلئے رزق کا وعدہ کیا ہے’ آپ لوگ مثبت سوچ رکھ کر چلیں انشاء الہ کامیابی ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں