ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی ہے،اے سی سرگودھا شیریں گل

سرگودہا (بیوروچیف) ضلعی انتظامیہ سرگودہا شہری سہولت اور عوامی تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل نے صحت عامہ، قیمتوں کی نگرانی اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف بھرپور اقدامات کیے۔ تفصیلات کے مطابق اے سی سرگودہا نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد گل کے ساتھ ایک اہم اجلاس کیا جس میں جاری قومی مہم برائے انسداد سرویکل کینسر (HPV ویکسینیشن) کے اہداف پر غور اور آئندہ ہفتے کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ویکسین کی رسائی اور کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ بعد ازاں شیریں گل نے 49 ٹیل میں بطور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مارکیٹوں کا دورہ کیا، جہاں اشیائے ضروریہ کے نرخوں اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گرانفروشوں کو سختی سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے کسی کو بھی ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسی دوران 49 ٹیل میں غیر قانونی پیٹرول ڈیکانٹنگ کی اطلاع پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس آپریشن کے دوران دو غیر قانونی ایجنسیوں کو سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں پر قابو پانے، صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈائون بلاامتیازجاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں