ضلع فیصل آباد کے 155اساتذہ کو گریڈ 16میں ترقی مل گئی

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) ضلع فیصل آباد میں 155 اساتذہ کو گریڈ 15 سے گریڈ 16میں ترقی دے دی گئی،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے دفتر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) رائو عبد الکریم کی زیرِ صدارت محکمانہ پروموشن کمیٹی (DPC) کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اساتذہ کی سنیارٹی اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران کمیٹی نے ضلع بھر کے 173 ای ایس ٹی(آرٹس)، 49فی میل ای ایس ٹی (آرٹس) اور 20ای ایس ٹی (سائنس) اساتذہ کے کیسز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ میرٹ پر پورا اترنے والے 120 ای ایس ٹی (آرٹس)اساتذہ اور 35 فی میل اساتذہ کو گریڈ 15 سے گریڈ 16 میں ترقی دینے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی، جبکہ میرٹ پر پورا نہ اترنے والے اساتذہ کی فائلیں مسترد کر دی گئیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن رائو عبد الکریم نے کہا کہ اساتذہ کی بروقت ترقی ان کا بنیادی حق ہے اور محکمہ تعلیم اس سلسلے میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے اساتذہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھاتے ہوئے ضلع میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے چیرمین محمد اسلم بٹ،ر انا شاہد مقرب،حافظ نجف،طارق سندھو،چوہدری نواز گجر،مرزا زوالفقار،علی اویس،میاں طاہر،رانا شاہد،رانا اشفاق و دیگر نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بروقت پروموشنز سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ اس فیصلے سے نہ صرف اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ تعلیمی اداروں کے انتظامی امور میں بھی بہتری آئے گی، جس سے مجموعی طور پر ضلع فیصل آباد کے تعلیمی نظام کو استحکام حاصل ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں