ضلع کچہری بخشی خانہ میں کرپشن کا راج،پولیس اہلکاروں کے وارے نیارے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کی ضلع کچہری میں واقع بخشی خانہ میں کرپشن کا راج’ پولیس اہلکاروں کے وارے نیارے ہو گئے’ مٹھی گرم کرنے والے ملزمان کی لواحقین سے ملاقاتیں اور موبائل فون کا آزادانہ استعمال ہونے لگا بخشی خانہ میں تعینات پولیس کا عملہ روزانہ 5ہزار سے ڈیڑھ لاکھ کی دیہاڑیاں لگانے لگا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس میں کرپشن’ اقرباء پروری’ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان یا مدعی پارٹیوں کو فائدہ پہنچانے کی کہانیاں عام ہیں۔ تاہم ضلعی کچہری میں واقع بخشی خانہ میں تعینات انسپکٹر’ اے ایس آئی اور پولیس کانسٹیبل کی کرپشن عروج پر پہنچ گئی۔ بخشی خانہ میں روزانہ ڈسٹرکٹ’ سنٹرل اور بورسٹل جیل سے قیدیوں’ حوالاتیوں کی بڑی تعداد کو تاریخ پیشی کیلئے عدالتوں میں پیش کرنے کیلئے لایا جاتا ہے۔ عدالتوں میں پیش کرنے سے قبل تمام قیدیوں اور حوالاتیوں کو بخشی خانہ میں رکھا جاتا ہے، جہاں پر قیدیوں کے لواحقین اپنے پیاروں کو کھانا’ سگریٹ اور دیگر اشیاء دینے اور ملاقاتوں کیلئے بخشی خانوں کا رُخ کرتے ہیں۔ جہاں پر تعینات عملہ ملزمان سے ان کے لواحقین’ عزیز واقارب اور دوستوں سے ملاقات کروانے اور مجرموں کو اہل خانہ سے بات چیت کروانے کیلئے موبائل فونز کا آزادانہ استعمال کیا جاتا ہے۔ کیونکہ جیلوں میں جیمرز لگنے اور فون نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کو بات چیت کرنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ جبکہ بخشی خانہ میں تعینات عملہ نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ملاقاتوں’ فون پر بات چیت کروانے’ کھانا فراہم کرنے سمیت دیگر کے ریٹ مقررہ کر رکھے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بعض خطرناک ملزمان بخشی خانہ میں اپنے عزیزوں سے فون پر بات کرنے کے ساتھ مخالفین کو فون کر کے دھمکیاں بھی لگاتے ہیں۔ اس طرح بخشی خانہ کا عملہ روزانہ مجرمان اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرنے اور دیگر سامان کی فراہمی کرنے کیلئے 5ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی دیہاڑی لگاتے ہیں اور پولیس اہلکار مبینہ طور پر افسران کو نذرانے پیش کر کے بخشی خانہ میں ڈیوٹیاں لگواتے ہیں۔ بخشی خانہ کے باہر ملاقات کیلئے آنے والوں کا روزانہ رش لگا رہتا ہے۔ خطرناک ملزمان کے مخالفین بھی بخشی خانہ کے باہر موجود ہوتے ہیں۔ جسکی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ شہری حلقوں نے آر پی او ذیشان اصغر’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بخشی خانہ میں ملاقاتوں کاسلسلہ بند کروایا جائے اور وہاں پر ایماندار اور فرض شناس عملہ کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں اور کرپٹ عملہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ ضلع کچہری میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں