19

ضلع کچہری سے 3خطرناک ملزم پولیس حراست سے فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاریخ پیشی پر لائے جانیوالے 3 خطرناک ملزم پولیس حراست سے فرار ہو گئے، ملزمان کی فراری پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، اعلیٰ حکام کی ہدایت پر دو کانسٹیبلان اعجاز اور اذہان کیخلاف ملزمان کو فرار میں مدد دینے اور 155 سی کے تحت مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ تفصیل کے مطابق ضلع کچہری میں گارد ڈیوٹی پر مامور انسپکٹر محمد حنیف نے بتایا کہ تھانہ نشاط آباد کے مقدمہ قتل واقدام قتل میں ملوث ملزم شکیل ولد بشیر’ تھانہ نشاط آباد کے چوری کے مقدمہ میں ملوث احسن ولد ارشد اور تھانہ ٹھیکری والا کے اقدام قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم بلال ولد سلطان یعقوب کو ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبلان اعجاز اور اذہان ہتھکڑی لگا کر عدالتوں میں پیش کرنے کیلئے لا رہے تھے کہ ضلع کچہری میں پانی پینے کے بہانے پولیس پارٹی کو چکمہ دیکر ہتھکڑی سمیت فرار ہو گئے۔ ملزمان کے فرار ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔ ملزمان کے فرار ہونے پر سی پی او کامران عادل’ ایس ایس پی آپریشن حسن جاوید بھٹی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور گارد پر مامور کانسٹیبلان کو حراست میں لیکر بازپرس شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ نشاط آباد کے مقدمہ قتل واقدام قتل کے ملزم شکیل کو دوبارہ گرفتار کر لیا۔ جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں