ضلع کچہری میں ناقص سکیورٹی،سوا ماہ میں تین افراد کا قتل،پولیس خاموش تماشائی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی پولیس کی ناقص حکمت عملی’ عدم توجہ اور غفلت کے باعث سیشن کورٹس اور ضلع کچہری میں سکیورٹی کی بدترین صورتحال’ تاریخ پیشی پر آنے والے سائلین آئے روز سائلین مخالفین کی گولیوں کا نشانہ بن کر موت کے آغوش میں جانے لگے، پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی۔ رواں سال کے سوا ماہ کے دوران ضلع کچہری’ سیشن کورٹس’ سی پی او آفس کے سامنے 3افراد مخالفین کی گولیوں کا نشانہ بنائے گئے۔ دو روز قبل بھی تھانہ سرگودھا روڈ کے اقدام قتل کے زیرحراست ملزم کو مسلح افراد نے ضلع کچہری میں اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ اسکی والدہ گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئی۔ تفصیل کے مطابق سرگودھا روڈ کے اقدام قتل کے ملزمان شہباز’ عارف’ عمر شہزاد’ صفدر وغیرہ کو پولیس ہتھکڑیاں لگا کر سول جج محمد آصف کی عدالت میں پیشی کے بعد بخشی خانہ لے جا رہے تھے کہ ضلع کچہری کے برآمدے میں موجود مسلح افراد نے فائرنگ کر دی تو موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور گولیاں لگنے سے شہباز اور اسکی والدہ سلمیٰ بی بی بری طرح زخمی ہو گئیں تو زیرحراست ملزم شہباز زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ چند روز قبل سی پی او آفس کے سامنے مخالفین نے فائرنگ کر کے تاریخ پیشی پر آنے والے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، تاہم پولیس تاریخ پیشی پر آنے والے سائلین کو سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے اور واقعہ کے چند روز تک ضلع کچہری اور سیشن کورٹس آنے والوں کی تلاشی سخت کی جاتی ہے لیکن پھر دوبارہ معاملات جوں کے توں رہتے ہیں۔ شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ تاریخ پیشی پر آنیوالوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں