27

ضمنی الیکشن ،سوشل میڈیا پر این اے104کی سب سے زیادہ بازگشت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) 5اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے سیاسی جوڑ توڑ اور رابطوں کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا، فیصل آباد کے تین حلقوں این اے96′ این اے104 اور پی پی98 میں ضمنی الیکشن ہو گا، ان حلقوں میں امیدواروں نے کارنر میٹنگز کا اہتمام شروع کر دیا ہے اور ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے ان کی آئو بھگت شروع کر دی گئی ہے، سوشل میڈیا پر بھی ضمنی الیکشن ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے اور سب سے زیادہ تبصرے این اے104 کے بارے میں کئے جا رہے ہیں، کئی امیدواروں نے دعوے شروع کر دیئے ہیں کہ انہیں پارٹی ٹکٹ مل گیا تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ابھی تک کسی کو پارٹی ٹکٹ جاری نہ کیا ہے، این اے104 میں راجہ ریاض احمد کے صاحبزادے راجہ دانیال’ رانا محمد افضل خاں کے بیٹے رانا احسان’ مہر حامد رشید اور خواجہ محمد اسلام پارٹی ٹکٹ کے امیدواران ہیں اور پارٹی ٹکٹ کس کو ملتا ہے، اس بارے میں لیگی قیادت نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ این اے104 میں سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا جائے گا، فیصل آباد کے تین حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے جو امیدواران میدان میں موجود ہیں انہوں نے سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار پارٹی ٹکٹ کے لیے متحرک ہو چکے ہیں تاہم پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصل آباد میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے، صورتحال کیا رخ اختیار کرتی ہے اور کن کن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے حصول میں کامیابی ملتی ہے، اس بارے میں صورتحال جلد واضح ہو جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں