20

طارق آباد پل کے نیچے مبینہ پولیس مقابلہ ، بھتہ خور مارا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ طارق آباد پل کے نیچے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران خطرناک اشتہاری وبھتہ خور عبدالقادر مارا گیا جبکہ اس کے چار ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے مقتول کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والے بھتہ خور کے خلاف مختلف تھانوں میں بھتہ خوری’ اقدام قتل وغیرہ کے 19مقدمات درج ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کوہستان ٹریولز مانانوالہ گروپ کے منیجر ندیم ولد ریاست سکنہ 66 ج ب علی الصبح پونے چار بجے کے قریب کال کی کہ 5کس ملزمان آتش اسلحہ سے لیس ہو کر ورکشاپ پر آئے اور بھتہ کا مطالبہ کیا۔ رقم نہ دینے پر ورکشاپ پر شدید فائرنگ کر رہے ہیں۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی انسپکٹر رانا راشد’ چوکی انچارج طارق آباد اور دیگر پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو حملہ آور ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ تو پولیس پارٹی نے حق خود حفاظتی کے تحت جوابی فائرنگ بھی کی اور کچھ دیر بعد ملزمان کی طرف سے فائرنگ کا سلسلہ رُکا تو پولیس نے ملزمان کو گرفتاری کا حکم دیا اور بعدازاں موقع پر جا کر دیکھا تو ملزم بری طرح زخمی پڑا تھا جسے تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ مرنے والے کی شناخت بھتہ خور عبدالقادر ولد شوکت علی سکنہ کوکیانوالہ گلی نمبر9 کے نام سے ہوئی، جو کہ پولیس کو 19مقدمات میں مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے مرنے والے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اسکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں