فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج کنیز فائزہ بھٹی نے ایف آئی اے کے مشہور کیس میڈیکل کی طالبہ کو جوتے چٹوانے کے مقدمہ میں ملوث صنعتکار مجرم شیخ دانش کو 5سال قید’ ایک کروڑ ہرجانہ’ 50لاکھ جرمانہ اور اسکی سیکرٹری ماہم کو 3سال قید’ 30لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا جبکہ صنعتکار کی بیٹی انا فاطمہ سمیت 3ملزمان کو بری کر دیا۔ استغاثہ کے مطابق 2022ء کے دوران معروف صنعتکار شیخ دانش نے اپنی بیٹی کی دوست میڈیکل کی طالبہ خدیجہ غفور سے بے عزتی کا بدلہ لینے کی خاطر گھر میں بلا کر جوتی کے تلوے چاٹنے پر عبور کیا اور اسکی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تھی جس پر ایف آئی اے نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کے بعد صنعتکار شیخ دانش’ اسکی پرسنل سیکرٹری ماہم اور دیگر کو گرفتار کر کے ان کے چالان مکمل کر کے عدالت بھجوائے تو فاضل جج نے سماعت کے بعد جرم ثابت ہونے پر صنعتکار مجرم شیخ دانش اور اسکی سیکرٹری ماہم کو قید وجرمانہ کی سزائوں کا حکم سنا کر جیل بھجوا دیا جبکہ صنعتکار کی بیٹی انا فاطمہ اور دیگر ملزمان غلام مرتضیٰ’ غلام مصطفی اور فیضان کو بری کر دیا۔



