طلاق ہونے پر لگا جیسے دنیا ہی ختم ہو گئی ہو’ صائمہ قریشی

لاہور (شوبز نیوز) اداکارہ صائمہ قریشی کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد ایسا لگا جیسے میری دنیا ہی ختم ہوگئی۔نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل چالباز میں صائمہ قریشی اداکارہ زوہا توقیر کی والدہ کا کردار نبھا رہے ہیں جس میں ان کے شوہر کے کردار فرحان علی آغا موجود ہیں۔ان کی اداکاری کو مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔صائمہ قریشی کے تین بیٹے ہیں اور ان کی برسوں پہلے طلاق ہو گئی تھی۔ ان کا بڑا بیٹا بھی ایک مشہور اداکار اور ماڈل ہے تاہم حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی اور اس دوران اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کیا۔اداکارہ نے کہا کہ تمام خواتین چاہتی ہیں کہ ان کی شادیاں چلیں، وہ اپنے گھر بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں اور اپنی شادیوں کو بچانے کے لیے اپنا وقت دیتی ہیں، بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ ان کے مرد بدل سکتے ہیں، لیکن مردوں میں کچھ خصلتوں کو صرف تبدیل نہیں کیا جا سکتا، میں اپنے گھر کے لیے لڑتی رہی لیکن نہیں بچاسکی۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عورت طلاق نہیں لینا چاہتی لیکن میری زندگی میں طلاق کا مرحلہ آیا اور ایسا لگا کہ دنیا ہی ختم ہوگئی، میری زندگی کا تکلیف دہ تجربہ بچپن میں والد کو کھونا تھا یہ وہ چیز تھی جس نے میری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں