طلبہ موبائل فون کو حصول علم کا ذریعہ بنائیں

لاہور(بیورو چیف)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ دینی طلبہ موبائل کوتفریح کے بجائے حصول علم کاذریعہ بنائیں۔بطور عالم دین ہمارا ظاہر،باطن اورہرعمل شریعت کے مطابق ہونا چاہیے۔حالات جیسے بھی فارغ التحصیل طلبہ خود کو دینی امورکے ساتھ جوڑے رکھیں۔ موبائل فون ایک آلہ ہے، جس کا فائدہ یا نقصان اس کے استعمال پر منحصر ہے۔ دینی طلبہ کو اس کا مثبت استعمال سیکھنا چاہیے۔دینی طلبہ اپنے وقت کی قدر کریں، موبائل فون کو اپنی علمی ترقی، دینی فہم اور دعوتی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے استعمال کریں اور ایک باکردار، باعلم اور ذمہ دار فرد بن کر معاشرے کی رہنمائی کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں73ویںسالانہ تقریب ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بخاری شریف کاآخری سبق شیخ الحدیث مولانا غلام نصیرالدین چشتی نے پڑھایا جبکہ تقریب کی صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی۔تقریب میں مفتی انورالقادی،مولانا محبوب احمدچشتی ،ڈاکٹر سلیمان قادری،مفتی محمدعارف،ڈاکٹر حسیب قادی،مفتی انتخاب احمدنوری،مفتی ندیم قمر،مفتی محمدعمران حنفی،مولانا وقاص فریدی سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ ،طلبہ نے بھرپورشرکت کی۔تقریب میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے مذاہب کے حوالے سے مختلف فتنوں اورچیلنجز پرگفتگو کرتے ہوئے مزیدکہاکہ الحادی فتنہ دنیا میں بڑی تیزی سے پھیل رہاہے ۔نوجوان نسل کومختلف فتنوں سے بچانے کیلئے اہل مذاہب اپنا کردار ادا کریں۔ جدید ٹیکنالوجی اگرچہ انسانیت کی ترقی کا ذریعہ ہے، لیکن اس کا غلط استعمال نوجوان نسل کو گمراہی کی طرف بھی لے جا سکتا ہے۔ نوجوان سوشل میڈیا کامثبت استعمال کریں ۔تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں