طوفانی بارشیں’برفباری کا امکان

اسلام آباد /لاہور /کراچی (بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 29دسمبر سے 2جنوری تک مغربی ہواں کے نئے سلسلے کے اثرات ملک کے مختلف حصوں میں محسوس ہوں گے۔ اس دوران کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ موجود ہے۔شہر لاہور میں موسم سرد اور خنک رہا، درجہ حرارت 9ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی 91فیصد ہے۔ ہلکی ہوا چل رہی ہے اور سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ملک میں پانچویں نمبر پر ہے، جہاں مجموعی فضائی آلودگی کی شرح 202ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہا، مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ صبح کا درجہ حرارت 7ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 19ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ دن بھر ہوائیں 6میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی اور ہوا میں نمی 60 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان نہیں، لیکن 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران بارش متوقع ہے۔کراچی میں موسم سرد اور خشک رہا، مطلع صاف ہے اور دن بھر خشک رہنے کا امکان ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ 26 سے 28 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شمال مشرقی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی 55 فیصد ہے۔ 30 دسمبر کو شہر میں بارش کا امکان ہے۔ کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے، جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 179 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔سوات میں موسم سرما کی پہلی برف باری کے بعد سیاح چیئر لفٹ، سنو فال اور قدرتی حسن دیکھنے کے لیے مالم جبہ کا رخ کر رہے ہیں۔پی ڈی ایم اے بلوچستان نے متوقع خراب موسم کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ 29 دسمبر سے یکم جنوری تک مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت اور چمن میں شدید برفباری، جبکہ میدانی علاقوں میں تیز بارشوں کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 29 دسمبر سے 2 جنوری مغربی ہواں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں موسمی تبدیلیاں آئیں گی۔ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ کراچی میں 30 دسمبر کو موسمِ سرما کی پہلی بارش متوقع ہے، جس سے سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اور کسانوں کو اپنی زرعی سرگرمیوں کو موسم کے مطابق ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں