53

عابد شیر علی کا FIC کا دورہ۔ طبی سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ طبی سہولیات کی فراہمی میں کمی یا کوتاہی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر پانی وبجلی ومانیٹرنگ انچارج ایف آئی سی چوہدری عابد شیر علی نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے دوران مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی تیماردای کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق یوسی چیئرمین میاں ذوالقرنین حیدری’ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر ندیم اختر اور دیگر ڈاکٹرز اور سٹاف بھی موجود تھا۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا’ ہسپتال میں موجود مشینری کو فعال رکھا جائے تاکہ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر ندیم اختر نے بتایا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بلاامتیاز علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مریضوں کی دیکھ بھال اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کا چیک اپ اور ادویات کی فراہمی اور ہمہ قسم کے ٹیسٹ بالکل فری کئے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں