عالمی برادری بھارت میں اسلامو فوبیا کا نوٹس لے،پاکستان

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان نے بھارت میں بابری مسجد کی جگہ نام نہاد رام مندر پر پرچم لہرانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر پاکستان نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دفترِ خارجہ نے کہا کہ بابری مسجد صدیوں پرانی عبادت گاہ ہے، انتہا پسندوں نے 6دسمبر 1992 کو بابری مسجد کو منہدم کیا تھا، بھارتی حکومت نے انتہا پسندوں کو عدالت کے ذریعے بری کر دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے مسمار کی گئی مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کی اجازت دی، بھارت میں دیگر تاریخی مساجد کو اِسی طرح کی بے حرمتی کے خطرات کا سامنا ہے، بھارت کا یہ امتیازی سلوک اقلیتوں کے ساتھ برتا کے بارے میں بہت کچھ بتاتا ہے۔ دفترِ خارجہ نے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں کو سماجی، معاشی اور سیاسی پسماندگی کا سامنا ہے، عالمی برادری بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا نوٹس لے،عالمی برادری بھارت کے اندر اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور حملوں کے خلاف بھی آواز اٹھائے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ بھارت کے اندر اسلامی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ہندوستانی مسلمانوں سمیت تمام مذہبی برادریوں کا تحفظ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں