عالمی برادری پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے سرگرم

اسلام آباد /واشنگٹن (بیوروچیف /مانیٹرنگ ڈیسک) پہلگام حملے کے بعد سے جاری پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کے لیے عالمی برادری سرگرم ہوگئی’تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے دونوں ممالک کو کشیدگی سے گریز کرنے اور اپنے تنازعات سفارتی سطح پر حل کرنے کا مشورہ دیا۔اس حوالے سے کویت کا کہنا ہے کہ دونوں ملک تحمل اور برداشت کا دامن تھامیں، کشیدگی سے بچنے کی کوشش کریں۔دوسری جانب کل رات امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور بھارت پر زور دیا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرے۔اس سے قبل کشیدگی میں کمی کے لیے ایران کی جانب سے ثالثی کی پیشکش بھی سامنے آچکی ہے جبکہ ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کہہ چکے ہیں کہ ان کا ملک پاکستانی عوام کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔اس حوالے سے چین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں امریکا پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لئے متحرک ہوگیا۔وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، حالیہ کشیدگی میں ملکر کمی لانے پر زور دیا، وزیر اعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔پاکستان اور امریکا نے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا۔مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ پر کشیدگی میں کمی کیلئے کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام پہلگام حملے کی تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔دونوں رہنمائوں کی بات چیت پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے بیان میں کہا کہ امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ تعاون کے لئے امریکی عزم کا اعادہ کیا اور پہلگام واقعہ پر اظہار افسوس بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں