عالمی تنازعات کا پر امن حل یقینی بنایا جائے، یوسف رضا گیلانی

تاشقند (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے تاشقند، ازبکستان میں NAM کے پارلیمانی نیٹ ورک (NAMـPN) کی چوتھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا بنڈنگ اصولوں کے ساتھ بھر پور عزم کا اظہار کیا اورعالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پارلیمانی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنڈنگ کانفرنس کی 70 ویں سالگرہ پر اپنے خطاب میں اس کی بنیادی اقدار، سیاسی خودمختاری، عدم مداخلت اور پرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا یہ محض اصول نہیں ہیں یہ پاکستان کی سفارتی اور پارلیمانی کاوشوں کے بنیادی ستون ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی عدم مساوات، بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگیوں، اور ماحولیاتی تغیّرات کا مقابلہ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فلسطین کے معاملے کو عالمی بے حسی کے مثال کے طور پر پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی مظلوم عوام کا قتل عام اور نسل کشی کی جارہی ہے یہ انسانیت اور خاص طور پر اسلام کے خلاف جنگ ہے جسے مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے NAM کے رکن ممالک سے منصفانہ عالمی اقتصادی پالیسیوں،تنازعات کے پرامن حل اور جامع ترقی کے لیے اپنا بنیادی کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے پارلیمان نہ صرف قانون سازی کریں، بلکہ محروم طبقات کی آواز بھی بلند کریں۔ انہوں نے کہا NAM پارلیمانی نیٹ ورک کو عالمی سطح پر فعال اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر اور NAMـPN کی چیئرپرسن محترمہ صاحبہ غفاروا کی قیادت کو سراہا اور نیٹ ورک کے مشن کو آگے بڑھانے میں ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ چیئرمین سینیٹ نے ان کی قیادت کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مظلوم اقوام بشمول فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بنیادی حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلا یا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں