فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیگٹ کے تعمیراتی کام کو بلارکاوٹ جاری رکھنے کیلئے یوٹیلٹی سروسزکی منتقلی کیلئے تیز رفتار اقدامات کرنے کی ہدایت کی ا ور کہا کہ فیسکو سمیت دیگر محکموں کے انتظامی وفنی تعاون کیلئے مربوط حکمت عملی کویقینی بنائیں،انہوں نے یہ ہدایت پراجیکٹ کے مقام کادورہ کرکے محکمانہ پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے ڈپٹی کمشنر کو عبداللہ پور فلائی اوور کے منصوبے پرعملدرآمد کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال و دیگر افسران اس موقع پر موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے عبداللہ پور اوور ہیڈ برج پرجاکر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے تعمیراتی ڈیزائن کا فضائی جائزہ لیااور کہاکہ اس منصوبے کو احسن اندازمیں تیز رفتاری سے مکمل کرنے کیلئے تمام ترمحکمانہ انتظامات اور تعمیراتی وسائل کویکجاکریں اور کسی بھی قسم کا انتظامی مسئلہ حائل ہونے کی صورت میں انہیں فوری آگاہ کریں تاکہ اعلی سطح کے سرکاری روابط کے ذریعے اسے بلا تاخیر حل کرنے کے اقدامات ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے کھمبوں،سوئی گیس کی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیاں واضح طورپرنظرآنی چاہیں نیسباک کی فنی نگرانی کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کے متعلق تمام ترانتظامی وفنی مشینری کو متحرک رکھاجائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تعمیراتی مراحل میں لوگوں کے شہری حقوق کا خیال رکھا جائے اور کھدائی سمیت دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کو ہر طرح سے محفوظ بنائیں۔چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے بتایا کہ جھمرہ روڈ کی طرف پائیلنگ کاکام جاری ہے جبکہ ریٹیننگ وال کی تعمیر کیلئے بھی اقدامات کا آغاز ہوگیاہے تاہم طارق آبادکی سائیڈ پر فیسکو کی تنصیبات کے باعث کھدائی میں مشکل آرہی ہے جس کو حل کرنے کیلئے فیسکو سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ علاوہ ازیں عبداﷲ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگاپراجیکٹ کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا’ طارق آباد سے جھمرہ روڈ پر 7 میٹر چوڑے نئے پل پر 1ارب، 36کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ طارق آباد کے پرانے پل کے ساتھ ساتھ اور جھمرہ روڈ پر فلائی اوور کی ڈرائنگ اور ڈیزائننگ اور دیگر تکنیکی مراحل پر کام شروع کر دیا گیا۔ ایف ڈی اے ذرائع کے مطابق طارق آباد کے پرانے برج کے ساتھ ساتھ 7میٹر چوڑا اور تقریباً 7سومیٹر لمبا نیا پل تعمیر کیا جائے گا جبکہ طارق آباد سے عبداﷲ پور کا پرانا پل ٹریفک جوں کی توں جاری رہے گی۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ایف ڈی اے نے محکمہ بلڈنگ کی مشاورت سے نئے پل کی ڈیزائننگ اور ڈرائنگ پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور ایف ڈی اے نے طارق آباد کے پرانے پل کے ساتھ ساتھ نئے فلائی اوور کی تعمیر کیلئے سڑک پر کھدائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ایف ڈی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ واسا’ ریلوے’ فیسکو سمیت دیگر محکموں کی باہمی مشاورت سے حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔ اس نئے فلائی اوور کی تعمیر سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئینگی۔
60