عرس شاہ محمد سراج الحق سالانہ سراجیہ کانفرنس24تا26دسمبر جیون سنگھ والا میں منعقد ہونگے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سالانہ بڑا عرس حضرت شاہ محمد سراج الحق چشتی صابری و سالانہ سراجیہ کانفرنس24دسمبرتا26دسمبر 2025ء بروز بدھ، جمعرات، جمعتہ المبارک مرکز جماعت سراجیہ لال کوٹھی آبادی جیون سنگھ والا پیپلز کالونی نمبر1میں عقیدت و احترام سے انعقاد پذیر ہونگے، تقریبات کی صدارت امیر جماعت سراجیہ صاحبزادہ ڈاکٹر مسرور الحق شہزاد چشتی صابری سراجی کریں گے۔ جبکہ صاحبزادہ خالد منصور چشتی صابری سراجی، صاحبزادہ نوید الحق چشتی صابری اور صاحبزادہ توقیر الحق چشتی صابری سراجی مہمان خصوصی ہونگے،تقریبات عرس کا آغاز مورخہ24دسمبر بروز بدھ بعد نماز فجر قرآن خوانی سے ہو گا۔ نماز ظہر کے بعد محفل نعت ہو گی اور مولانا غلام قاسم شان اولیاء کے موضوع پر بیان فرمائیں گے۔نماز عصر کے بعد ذکر حدیدی کا حلقہ ہو گا، نماز مغرب کے بعد محفل ذکر ہو گی، صاحبزادہ توقیر الحق چشتی صابری سراجی خصوصی نعت شریف پیش کریں گے، محفل ذکر کے بعد امیر جماعت سراجیہ صاحبزادہ ڈاکٹر مسرور الحق شہزاد چشتی صابری سراجی کا خصوصی خطاب ہو گا، نماز عشاء کے بعد لنگر تقسیم کیا جائے گا اور خواہش مند حضرات کو سلسلہ میں بیعت کیا جائے گا،مورخہ25دسمبر بروز جمعرات اعلی الصبح نماز تہجد با جماعت ادا کی جائے گی، نماز فجر کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کو ناشتہ دیا جائے ،ساڑھے آٹھ بجے صبح محفل ختم شریف ہو گی اور علماء کرام بانی جماعت سراجیہ حضرت قبلہ شاہ محمد سراج الحق چشتی صابری کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر امسال دارالعلوم سراجیہ سے فارغ التحصیل طلباء کی دستار بندی ہو گی اور ان کو اسناد تقسیم کی جائیں گی۔ جنرل سیکرٹری جماعت صاحبزادہ نوید الحق چشتی صابری سراجی جماعت سراجیہ کے اسلامی ، فلاحی اغراض و مقاصد کے موضوع پر خطاب کریں گے، 12بجے دوپہر خصوصی دعا ہو گی اور لنگر تقسیم کیا جائے گا، نماز مغرب کے بعد محفل ذکر ہو گی نماز عشاء کے بعد لنگر تقسیم کیا جائے گا، 26دسمبر بروز جمعتہ المبارک صبح ساڑھے آٹھ بجے حضرت شاہ عبدالحق ردولی اور حضرت قبلہ صوفی محمد حسین چشتی صابری مراد آباد کے ایصال ثواب کیلئے توشہ کی محفل ختم شریف ہو گی۔ آخر میں اجتماعی دعا کے ساتھ ہی تقریبات عرس اختتام پذیر ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں