عزیزفاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت ہونے والے ایم بی بی ایس کے سال چہارم کے سالانہ امتحانات میں بہترین کارکردگی پر عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو ہیلتھ کیئر ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اس امتحان میں عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ کی کامیابی کی شرح 99.2فیصد رہی اس طرح اس ادارے نے پنجاب کے 44سرکاری اور نجی میڈیکل کالجز میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سال دوم کے ایم بی بی ایس کے سالانہ امتحان 2024ء میں بھی عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ کی کامیابی کی شرح99.30فیصد رہی۔ اس شاندار نتیجے کی وجہ سے اس نے فیصل آباد کے نجی میڈیکل کالجز میں پہلی جبکہ پنجاب بھر کے 45سرکاری اور نجی میڈیکل کالجز میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ یونیورسٹی کی سطح پر بھی عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ نے اعلیٰ پوزیشنز حاصل کیں۔ محمد حسن امتیاز نے 900میں سے 826نمبر حاصل کر کے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت پنجاب کے 5425طلبہ میں پہلی جبکہ آمنہ مفتی نے 900میں سے 804نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ عزیز فاطمہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج عزیز فاطمہ ٹرسٹ اور ستارہ گروپ آف انڈسٹریز کے تحت میڈیکل کی تعلیم کے شعبہ میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہا ہے۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال اور چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹیٹیوشنز ڈاکٹر عبدالرحمن کی طرف سے اس کالج کو ہیلتھ کیئر ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ چیف آپریٹنگ آفیسر عزیز فاطمہ ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید نے وصول کیا۔دریں اثنا مینجنگ ٹرسٹی عزیز فاطمہ ٹرسٹ اور چیئرمین ستارہ گروپ آف انڈسٹریز، میاں محمد ادریس نے طلباء اور عملے کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے طلبہ اور فیکلٹی کو مزید محنت کرنے کی بھی تاکید کی ہے تاکہ عزیز فاطمہ میڈیکل کالج آئندہ بھی اپنی نمایاں پوزیشن کو برقرار رکھ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں