39

عزیز فاطمہ ہسپتال میں زیر علاج ASI اکرم جاں بحق ‘ جھلسنے کی اطلاعات غلط نکلیں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)عزیز فاطمہ ہسپتال میں زیر علاج اے ایس آئی محمد اکرم جاں بحق ہو گیا’ نماز جناز ہ کی ادائیگی کے بعد متوفی کو اس کے آبائی گائوں 63ج ب سدھار میں سپردخاک کر دیا گیا۔ محمد اکرم اے ایس آئی کے بیٹے عبدالوہاب کے مطابق چند روز قبل اس کے والد کو گھر میں برین ہیمبرج کا اٹیک ہوا جس پر اسے فوری طور پر عزیز فاطمہ ہسپتال لیجایا گیا جہاں پر وہ دو تین دن تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد19جون کی شام اپنے خالق حقیقی سے جاملا۔واضح رہے کہ 10مئی کے روز پرتشدد واقعات کے دوران سٹیٹ بنک کے باہر مذکورہ اے ایس آئی محمد اکرم زخمی ہوا تھا جو سول ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد ڈیوٹی پر واپس چلا گیا تھا۔ جہاں پر یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر محمد اکرم اے ایس آئی کی موت کی خبر کو غلط رنگ دیا گیا اور کہا گیا کہ 10مئی کے پرتشدد واقعات کے دوران اے ایس آئی محمد اکرم سٹیٹ بینک کے نزدیک پولیس وین میں جھلس گیا تھا اور وہ اسے روز سے عزیز فاطمہ ہسپتال میں زیر علاج تھا جبکہ اس قسم کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ عزیز فاطمہ ہسپتال میں برن یونٹ نہیں ہے اور اے ایس آئی محمد اکرم برین ہیمبرج کی وجہ سے عزیز فاطمہ ہسپتال میں داخل ہوا تھا اس طرح اس کی جھلس کر جاں بحق ہونے کی اطلاعات غلط ہیں۔ ضلعی پولیس ترجمان نے بھی ایسی اطلاعات کی نفی کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں