21

عسکری قیادت کا دفاع پاکستان کے تمام تقاضے نبھانے کا عہد

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت منعقدہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے اس امر پر زور دیا ہے کہ 9مئی کے مجرموں’ سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں سمیت اس سانحہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے ورنہ ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنا رہے گا سانحہ 9مئی میں ملوث تمام عناصر کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کر کے ہی قانون کی عملداری قائم کی جا سکتی ہے جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ 83ویں فارمشن کمانڈرز کانفرنس میں تمام کور کمانڈرز پرنسپل سٹاف آفیسر اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی’ فورم نے ملک کی حفاظت اور خود مختاری کیلئے مسلح افواج کے افسروں’ جوانوں’ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا فورم کو جیوسٹرٹیجک حالات’ قومی سلامتی کیلئے ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا، فورم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے کیلئے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا کانفرنس کے شرکاء نے افغانستان کی سرحدپار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کے اندر سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں بھارتی ناجائز زیرتسلط کشمیر میں لوگوں کے ماورائے عدالت قتل کے تازہ ترین واقعات کا جائزہ لیا گیا اور یو این سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کو درپیش تمام خطرات کو قابل فخر قوم کی مکمل حمائت سے ناکام بنایا جائے گا،، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں افواج کا دفاع وطن کے تمام تر تقاضے نبھانے کا عہد قابل ستائش ہے، بلاشبہ ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اور ٹکرانوں سے ٹکرانے سے بھی نہیں ڈرتی، ہمارے فوجی افسران اور جوانوں نے نذرانے پیش کر کے دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا، بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے جو سازشوں کے جال بننے میں مصروف رہتا ہے مگر ہماری فورسز اسکی ہر سازش اور چال کو ناکام بنا رہی ہیں ایسی صورتحال میں جبکہ ہمارا مکار دشمن ہماری سلامتی کے درپے ہو اور اپنی گھنائونی سازشوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا عساکر پاکستان تو ہر صورت اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ملک کی سلامتی کے تحفظ اور دفاع وطن کی ذمہ داریاں پوری جانفشانی کے ساتھ ادا کر رہی ہیں اور دہشت گردی کی جنگ میں بھی اب تک اپنے دس ہزار سے زائد جوان اور افسران کی قربانیاں دے چکی ہیں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز میں عساکر پاکستان کی جانی قربانیوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے جبکہ اس نازک صورتحال میں بحیثیت قوم ملک کے ہر شہری اور دوسرے ریاستی انتظامی اداروں کے علاوہ سیاسی’ دینی قیادتوں کی ذمہ داری بھی ملک کی سلامتی پر آنچ نہ آنے دینے اور دفاع وطن کے تمام تقاضے نبھانے کی بنتی ہے۔ علاوہ ازیں 9مئی کے مجرموں’ سہولت کاروں’ منصوبہ سازوں سمیت اس سانحہ کے ذمہ داروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے کیونکہ ایسے لوگ معافی کے قابل نہیں قوم کی بھی ذمہ داری ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف اندرون اور بیرون ملک سے کوئی سازش پنپنے نہ دیں اور دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے نظر آئیں کیونکہ ملک ہے تو ہم بھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں