34

عطائی کے ہاتھوں غلط انجکشن لگنے سے 4 سالہ بچی جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) رمضان آباد میں عطائی ڈاکٹر نے محنت کش کی 4سالہ بچی کی جان لے لی’ موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے ڈلیوری بوائے سے کھانا اور نقدی چھین لی جبکہ ڈکیتی مزاحمت اور قاتلانہ حملوں میں گولیاں لگنے سے 5افراد لہولہان ہو گئے، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ منصورآباد کے علاقہ رمضان آباد کا رہائشی شہزاد بخار ہونے پر اپنی چار سالہ بیٹی عروج کو مقامی ڈاکٹر وقار علی کے علی کلینک پر لے کر گیا تو مذکورہ ڈاکٹر نے انجکشن لگایا جس کے باعث بچی کی حالت غیر ہو گئی، دیکھتے ہی دیکھتے غلط انجکشن لگنے سے زندگی کی بازی ہار گئی، لواحقین کا کلینک میں ہنگامہ، ڈاکٹر موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈلیوری بوائے عامر سلیم نے بتایا کہ ملزم اسد نے فون کر کے کھانا منگوایا جب وہ کھانا لیکر اﷲ ہو ڈیرہ کے قریب پہنچا تو ملزمان کھانا لیکر رقم دینے کیلئے ساتھ لے گئے کچھ دور جانے کے بعد اس سے کھانا اور 47ہزار روپے اور فون چھین کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں 199 رب کے رہائشی نوید اختر نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ کار پر جا رہے تھے جب وہ سکندرپور کے قریب پہنچے تو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے نوید اختر بری طرح زخمی ہو گیا، اسطرح تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 141 رب کے رہائشی بلال نے بتایا کہ اس کا عزیز محمد خان ولد راجے خاں کو موٹرسائیکل نہ روکنے پر مسلح افراد نے گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں ٹھیکری والا کے علاقہ سدھار کے قریب کھیتوں کو پانی لگانے کے تنازعہ پر ملزمان سہیل وغیرہ نے گولی مار کر کاشف کو بری طرح زخمی کر دیا۔ عداوت کی بناء پر 147 رب میں مرتضیٰ ولد نوید اور 545 گ ب میں معمولی جھگڑے پر مخالفین نے فائرنگ کر کے ارشد ولد سلطان کو بری طرح زخمی کر دیا، حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں