عظمت فردوس کا بازاروں کو کلیئر رکھنے کیلئے اہم اقدام

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد وایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس نے عیدالفطر کی آمد پر بازاروں کو مکمل طور پر فعال اور شاہراہوں کو تجاوزات سے کلیئر کروانے کیلئے ریگولیشن سٹاف کی عیدالفطر تک ہر قسم کی چھٹی کرنے پر پابندی عائد کر دی تاکہ ریگولیشن ٹیم پوری جاں فشانی کیساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور کمشنر وڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس اپنے ماتحت انسداد انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بلاامتیاز آپریشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے قریب آتے ہی بازاروں’ مارکیٹوں میں خریداری کیلئے آنیوالی خواتین کا رش بڑھ جاتا ہے اور عیدالفطر تک اپنے ریگولیشن سٹاف کی ہمہ قسم کی چھٹیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور عیدالفطر کی آمد کے موقع پر شہر کے آٹھ بازاروں سمیت شہر بھر کی مختلف مارکیٹوں’ بازاروں’ شاہراہوں کو مکمل طور پر ریگولیٹ کرنے کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور راستوں اور مین شاہراہوں کو تجاوزات سے کلیئر کرانے کیلئے ایم سی ایف کا عملہ ہمہ وقت موجود رہے گا۔ کسی کو بھی دوبارہ عارضی یا پختہ تجاوزات کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے دکانوں کے باہر فٹ پاتھ’ سڑکوں پر تجاوزات کیں تو ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور ان کا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں