39

علاج معالجے کی جدید سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے

لاہور (بیوروچیف)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیا ن کے مطابق ملاقات کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں جدید علاج کی سہولتوں کو غریب مریضوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بلا تعطل استعمال کرنے انسٹی ٹیوٹ میں جدید علاج کے لیے درکار جدید آلات کے حصول کے لیے انتظامی مراحل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ ہدایت پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ(پی کے ایل آئی)لاہور کے دورے کے دوران پی کے ایل آئی میں غریبوں کی علاج کے لیے جاری پروگرامز پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی میں جدید علاج کی سہولتوں کو غریب مریضوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بلا تعطل استعمال کیا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی میں جدید علاج کے لیے درکار جدید آلات کے حصول کے لیے انتظامی مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ نرسنگ کالج کے پراجیکٹ میں فنی تعلیم کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔وزیراعظم نے پی کے ایل آئی میں صفائی ستھرائی کے انتظام کو مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دورہ اور منعقدہ اجلاس میں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن رضا نقوی، نگر ان صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، چیئرمین پی کے ایل آئی ڈاکٹر سعید اختر، چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی کے ایل آئی میں زیر علاج مریضوں اور تعینات ڈاکٹروں سے بھی خصوصی گفتگو کی کہا کہ پی کے ایل آئی میں تعینات ڈاکٹرز دستیاب وسائل کو خلوص نیت سے غریب مریضوں کے علاج کے لئے استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب مریضوں کے لیے جدید علاج کا یہ ادارہ خلوص نیت اور خدا کی خوشنودی کے لیے بڑی محنت سے بنایا تھا وفاقی اور صوبائی حکومت اسے مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں