علماء کرام خطبات میں بھائی چارے کا پیغام عام کریں

سرگودھا(بیورو چیف) موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے جید علما کرام، ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین، تاجر نمائندگان اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد چوہدری ، اے ڈی سی جی اور پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم چیز اتحاد اور باہمی ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے باعث مساجد اور بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے، اس لیے ہر شہری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد پر فوری نظر رکھ کر انتظامیہ کو اطلاع دی جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے علما کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات اور بیانات میں اتحاد، صبر اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر فرقہ واریت یا افواہوں کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کر سکتے ہیں، مگر ہم سب نے مل کر ایسی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔کمشنر نے تاجر برادری پر زور دیا کہ بازاروں میں سکیورٹی انتظامات بہتر بنائے جائیں۔ دکانوں اور مارکیٹوں میں کیمرے نصب کیے جائیں اور انہیں فعال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کے ساتھ نجی سطح پر بھی نگرانی کا نظام مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی مشکوک حرکت پر فوری کارروائی ممکن ہو۔ پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی کہ شہر بھر میں گشت اور نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سرگودھا ڈویژن میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام مکاتب فکر کے علما، تاجر اور انتظامیہ ایک صفحے پر ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں