علماء کرام نے ہمیشہ ٹوبہ میں امن و امان کی فضا قائم کی ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حالات کے پیشِ نظر تحصیل امن کمیٹی کا اجلاس اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی، ممبران امن کمیٹی، سول ڈیفنس آفیسر محمود حسین گل، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تحصیل میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہمیشہ سے امن، رواداری اور بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے۔ علماکرام نے ہر دور میں مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور انہی کی کاوشوں سے ضلع میں امن و استحکام کی فضا قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو انتشار یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی ایس پی نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور پائیدار امن کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ادارے اور مکاتبِ فکر کے نمائندگان باہمی تعاون سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پرامن فضا کو برقرار رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں