35

علماء کرام و مشائخ عظام اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیں،طاہر القادری

فیصل آباد (مانیڑنگ ڈیسک) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے نوعیت کے ملکی تاریخ کے پہلے اور تاریخی دس ہزار سے زائد علما پر مشتمل ختم بخاری شریف کے ملک گیر تدریسی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علما قرآن اور حدیث و سنت کے علمی کلچر کا احیا کرکے امت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کریں یہ وقت فاصلے کم کرنے اور دلوں کو جوڑنے کا ہے۔ علمی اختلاف کو زحمت کی بجائے رحمت بنائیں۔ علم و تحقیق کے کلچر کو فروغ دے کر فروعی ابحاث اور مسلکی جھگڑوں کو کم سے کم کیا جاسکتا ہے۔ مسالک کے مابین اختلافات کم اور مشترکات زیادہ ہیں، علما و شیوخ، محدثین، معلمین و معلمات، مدرسین و مدرسات اور طلبا و طالبات اختلافات کی بجائے مشترکات پر توجہ مرکوز کرکے اتحادِ امت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزارہا علما و مشائخ نے علم حدیث و سنت کے لیے ایک جگہ جمع ہوکر فتنہ انکارِ حدیث اور فتنہ الحاد پر کاری ضرب لگائی ہے۔ یہ بات ذہن نشین کر لی جائے کہ فتنہ انکارِ حدیث فتنہ انکار قرآن و اسلام ہے۔ انہوں نے کہ اکہ آج کے اس تدریسی اجتماع میں کراچی سے خیبر تک، جامع الرشید سے اکوڑہ خٹک کی جامعہ تک علما و مشائخ شریک ہیں۔ پاکستان کے چاروں کونوں سے یہاں علما آئے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اہلِ علم نفرتوں کا خاتمہ اور اتحاد و یکجہتی کا ماحول چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے 3 گھنٹے سے زائد دورانیہ کے خطاب میں کہا کہ دین کی حفاظت حدیث و سنت کی حفاظت کے بغیر ناممکن ہے۔ حدیث و سنت کی بنیاد پر جمع ہونا حقیقت میں عشقِ مصطفیۖ پر جمع ہونا ہے۔ امت میں اعتدال و روداری پیدا کرنے کے لیے یہ سوچ اپنانا ہوگی کہ تمام مکاتب فکر حق پر ہیں، رفع یدین کرنے اور نہ کرنے والوں کے جنت میں حلقات ہوں گے، یہاں بیٹھ کر جنت دوزخ کے ٹکٹ بانٹنا جہالت ہے۔ ظلم و جبر کے دور میں کبھی ضمیر نہ بیچو، علما حق کی آواز بنیں، طبیعت میں انصاف اور اعتدال پسندی پیدا کریں۔ علمائے کرام برداشت اور روداری کا ماحول پروان چڑھا سکتے ہیں۔ 10 ہزار سے زائد علمائے کرام نے شیخ الاسلام سے اسنادِ اجازتِ حدیث لیں۔ خواتین سکالرز کی ایک بہت بڑی تعداد اس تدریسی اجتماع کا حصہ تھی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علمائے کرام و مذہبی سکالرز کو ختم بخاری شریف کے اجتماع میں خوش آمدید کہا۔ جب کہ اظہار خیال کرنے والوں میں جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک سے مفتی سید محمد یوسف شاہ، آستانہ عالیہ چشتیہ کریمیہ ڈاگ اسماعیل خیل نوشہرہ سے علامہ پیر محمد سعید حسین القادری، اتحاد المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مفتی محمد زبیر فہیم، ناظم اعلی نظام المدارس پاکستان ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، مجمع العلوم الاسلامیہ پاکستان کے ناظم اعلی حضرت مولانا شیخ الحدیث مفتی محمد، رابط المدارس پاکستان کے ناظم اعلی ڈاکٹر علامہ عطا الرحمان، وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ سے علامہ ڈاکٹر نعیم الدین الازہری، جامعہ محمدیہ سیفیہ کے شیخ الحدیث مفتی پیر حمید جان سیفی، علامہ ڈاکٹر سید ضیا اللہ شاہ بخاری، امیر جمعیت اہل حدیث پاکستان، سربراہ دار الاخلاص علامہ ڈاکٹر شہزاد مجددی، علامہ مفتی امداد اللہ خان قادری صدر نظام المدارس پاکستان و پرنسپل جامعہ ہجویریہ لاہور، مفتی عرفان اللہ اشرفی، حضرت صاحبزادہ سید علی چن رضا قادری سجادہ نشین حضرت میاں میر ، ڈاکٹر مفتی محمد عمران انور نظامی خطیب بابا فرید الدین گنج شکر پاکپتن، علامہ مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب داتا گنج بخش علی ہجویری لاہور، اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں