علم و آگاہی کے فروغ کے ذریعے جہالت کا خاتمہ کیا جا سکتا

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)تحریک منہاج القرآن فیصل آبادکے زیرِ اہتمام تحصیل نڑوالا بنگلہ میں5 مراکزعلم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم مراکزعلم سنٹرل پنجاب علامہ محمدسرفرازقادری نے کہا ہے کہ علم و آگاہی کے فرو غ کے ذریعے جہالت، تنگ نظری اور انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ تعلیم انسان کو شعور، برداشت اور مثبت طرزِ فکر عطا کرتی ہے جو ایک پرامن اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہے۔ جہالت تعصب، نفرت اور تشدد کو جنم دیتی ہے، جبکہ علم انسان کو مکالمہ، دلیل اور اختلاف رائے کو برداشت کرنے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی انتہا پسندانہ نظریات کا راستہ روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تعلیم محض نصابی معلومات تک محدود نہیں بلکہ یہ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور سماجی ذمہ داری کا شعور بیدار کرتی ہے۔اس موقع پر ڈویژن صدرملک غلام حسین،ناظم میاں سہیل مقصود،صدرضلع Aمحمدانورانجم، ڈویژن صدرنائب صدرخالدمحمودرندھاوا،تنویرحسین رندھاوا،اشفاق احمدگل،عبدالمالک گل،علامہ ظفراقبال،رانا فقیرحسین،چوہدری لیاقت علی بھی موجودتھے۔انہوں نے مراکزعلم کے قیام کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پورے فیصل آبادمیں زیادہ سے زیادہ مراکزِ علم قائم کیے جائیں۔ مراکزعلم دینی شعور، فکری تربیت اور اخلاقی اصلاح کا موثر ذریعہ ہیں، جو نئی نسل کو دین سے جوڑنے اور تحریک منہاج القرآن کے امن، محبت اور فروغ علم کے پیغام کو نچلی سطح تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈویژن ناظم میاں سہیل مقصودنے کہا کہ مراکزعلم کا قیام تحریک منہاج القرآن کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ تنظیمی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں میں بھی فعال کردار ادا کریں کیونکہ تعلیم ہی پر امن اور باشعور معاشرے کی بنیاد ہے۔ا فتتاحی تقریب میں مقامی ذمہ داران، کارکنان اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اورمراکزعلم کے قیام کو دینی و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں