50

علیمہ خان’ عظمی خان’ اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور (بیوروچیف) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے جلا گھیرا واقعات پر درج مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پرفریقین کے وکلا کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں16اکتوبر تک توسیع کردی۔دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آگئیں۔ انہوں نے عدالت سے کہا کہ ہمیں انصاف دیا جائے، ہم روز پیشی پر آتی ہیں ، اگر جیل بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن کو ان کے وکیل برہان معظم نے مزید گفتگو کرنے سے روک دیا۔ جس پر علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہم کیا مانگ رہے ہیں انصاف ہی مانگ رہے ہیں۔قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاس حملہ کیس پر سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان ،عظمی خان اور اسد عمر کی گرفتاری مانگ لی۔اسد عمر اورچیئرمین پی ٹی آئی کی 2بہنیں عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پرعدالت میں پیش ہوئیں۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ تینوں ملزمان تفتیش میں قصوروار پائے گئے ہیں۔ جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گناہگار لکھا ہے، پولیس کو تفتیش کے لیے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے، علمیہ خان کی موقع پر موجودگی پائی گئی۔ وکیل برہان معظم نے کہا کہ علیمہ خان اور عظمی خان مقدمے میں نامزد نہیں ہیں، ہمیں وہ بیان دکھائے جائیں جن کی روشنی میں ہمیں قصوروار قرار دیا گیا۔تفتیشی افسر نے عدالت سے کہا کہ ہم ان کو 161 کے تمام بیان دکھا دیتے ہیں۔ جس پر عدالت نے کارروائی کچھ دیر تک ملتوی کردی ۔دوبارہ سماعت پر عدالت نے علیمہ خان، عظمی خان اور اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر وکلا کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا اور عبوری ضمانتوں میں 16 اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں