46

عماد وسیم نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔34 سالہ عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے بارے میں سوچ رہا تھا، میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا درست وقت ہے ۔عماد وسیم نے مزید کہا کہ سپورٹ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا شکریہ ادا کرتا ہو ں، پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز رہا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے 121میچز میں پاکستان کی نمائندگی ایک خواب تھا جو سچ ثابت ہوا۔آل راونڈر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے نئی لیڈر شپ اور کوچز کے ساتھ ایک اچھے وقت کے آغاز کے لیے دعاگو ہوں۔انہوں نے کہا کہ سب کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، فینز کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، انٹرنیشنل کیریئر سے ہٹ کر زندگی کے اگلے مرحلے پر اپنی توجہ مرکوز کروں گا۔آل راؤنڈر نے 55 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 5 نصف سنچریوں کی بدولت 986 رنز بنائے جبکہ 44 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔عماد وسیم نے پاکستان کی طرف سے 66 ٹی20 میچز کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 486 رنز بنائے اور 65 وکٹیں حاصل کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں