عمان میں زلزلہ’شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

مسقط(مانیٹرنگ ڈیسک) خلیجی ملک عمان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عرب میڈیا کے مطابق سلطان قابوس یونیورسٹی کے ارتھ کوئیک مانیٹرنگ سینٹر نے بتایا کہ پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3بج کر 8منٹ پر ریکارڈ کیا گیا جس کی شدت 5.2 تھی۔زلزلے کا مرکز عمان کے شمالی شہرخسب سے تقریباً 386کلومیٹر شمال مغرب میں عربین گلف کے پانیوں میں تھا۔زلزلے کی گہرائی تقریباً 10کلومیٹر تھی جو نسبتاً کم گہرائی شمار ہوتی ہے اور ایسے زلزلے سطح پر زیادہ شدت سے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔اسی طرح ایک اور زلزلے کے جھٹکے کا مرکز عمان کے شہر سور سے تقریباً 804کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ اس کی گہرائی بھی 10کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔اس زلزلے کے جھٹکے بلوچستان تک بھی محسوس کیے گئے۔ کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ماہرین کے مطابق یہ دونوں زلزلوں کا مرکز سمندر میں اور آبادی سے بہت دور تھے اسی لیے کم گہرائی کے باوجود کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔فی الحال دونوں زلزلوں کے بعد کسی آفٹر شاک یا سونامی وارننگ کی اطلاع نہیں دی گئی۔ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ جزیرہ نما عرب بالخصوص عربین اور یوریشین ٹیکٹونک فعال فالٹ لائنز کے قریب واقع ہے۔انھی پلیٹس کی حرکت کے باعث ایران، پاکستان، عمان اور خلیجی خطے میں وقتا فوقتا زلزلے آتے رہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں