عمران خان سب سے بڑے چور ڈاکو،2018کا الیکشن چرایا،عابد شیر علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب سینیٹر چوہدری عابد شیر علی نے حلف اٹھا لیا’ حلف اٹھانے کے بعد سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رب کریم کا شکر ہے، اپنے قائد میاں نواز شریف’ وزیراعظم شہباز شریف’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اعتماد اور والدین کی دعائوں سے آج بطور سینیٹر حلف اٹھا یا، میں اپنی یہ کامیابی اپنی مرحومہ والدہ کے نام کرتا ہوں، آج جس اہم موڑ پر یہ حلف لیا اس وقت پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، انشاء اﷲ تعالیٰ میری کوشش ہو گی کہ مخلص ہو کر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کیلئے کام کروں، دریں اثناء چوہدری عابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور میں سستی ترین بجلی دی گئی’ ملک بھر میں بجلی کے ٹرانسمیشن کے نظام کو بہتر کیا گیا مگر پھر بدقسمتی سے 2018ء میں ایک ریڈوینچر کیا گیا، فیض حمید کی قیادت میں عمران کو لا کر قوم پر مسلط کر دیا گیا، یہ ہمیں فارم47 کے طعنے دیتے ہیں وہ آپ کیا تھے، وہ فارم فیض حمید کا فل کیا ہوا تھا جب ہمارے امیدواروں کو باہر کیا گیا۔ حنیف عباسی کو الیکشن سے 24 گھنٹے قبل نااہل کیا گیا، آپ نے کونسا ایسا ظلم جو ہماری جماعت پر نہیں کیا کراچی کے ہوٹل میں مریم نواز شریف کے کمرے کا دروازہ توڑ دیا گیا، مریم نواز شریف کو ان کے والد کے سامنے ہتھکڑیاں لگائی گئیں، میں نے اپنی اہلیہ کا جنازہ نہیں اٹھایا ہمیں پاکستان نہیں آنے دیا گیا۔ آپ نے نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال کا مذاق اڑایا، عمران خان تم اﷲ تعالیٰ کی پکڑ میں آئے ہو’ تم انتشار پھیلانے کے ماسٹر تھے’ فارم 47 کی ایجاد تم نے کی تھی’ جب 2018ء کا الیکشن تم نے چوری کیا، فیض احمد کے ساتھ مل کر آر ٹی اے سسٹم بند کر دیا، تم نے ہمیں چن چن کر ہروایا تم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے الیکشن کو چرایا، تم پاکستان کے سب سے بڑے چور اور ڈاکو ہو، تم نے پاکستان کی قوم کوتفریق میں ڈال دیا، تم نے سیاست کو گالی بنایا، تم نے نوجوانوں کے کلچر کو خراب کیا، تمہارا میڈیا سیل آج بھی ہماری بہادر فوج جس نے بھارت کو سبق سکھایا، پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا اس کیخلاف زہر اگل رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بہترین کام کر رہے ہیں، پاکستان کی خارجہ پالیسی بہتر ہو رہی ہے، 120 نمبر پر پاکستان کا پاسپورٹ تھا جو اب 98 ویں نمبر پرآ گیا ہے، آج ملکی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں، ہم نے پاکستان کیلئے اپنی سیاست دائو پر لگا دی اور اس کا ہمیں سیاسی طور پر بہت نقصان ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں