33

عمران خان کاFIA کے تفتیشی افسر کو خط

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے بنکنگ کورٹ میں زیرِسماعت ممنوعہ فنڈنگ کیس میںتحقیقات میں مکمل معاونت کیلئے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو خط لکھ دیا۔تفصیل کے مطابق ایف آئی اے کے تحقیقاتی افسر کو مراسلہ عمران خان کے وکلاء کی جانب سے بھجوایا گیا ۔ عمران خان نے اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے پیش نظر تفتیشی افسر کو خط لکھا۔خط کے متن میں کہا گیا کہ عمران خان کے خلاف انکوائری کیے بغیر مقدمہ درج کرلیا گیا، عمران خان ایف آئی اے کی تحقیقات میں مکمل طور پر معاونت کیلئے تیار ہیں، عمران خان پر وفاقی تحقیقاتی رولز کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا تحقیق ممنوعہ فنڈنگ کے الزام پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا، عمران خان کے خلاف حقیقی آزادی مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ ہوا اور گولیاں لگنے کے باعث متعدد زخم ہوئے جس کے بعد اسپتال میں داخل رہے۔خط میں لکھا گیا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف وزیرآباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، عمران خان نے 3 دسمبر، 30 جنوری اور 4 فروری کو ایف آئی اے کو خط لکھا، عمران خان وڈیو لنک یا خط کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے ایف ائی ائے سے درخواست کی۔ خط میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے ایف آئی اے کو درخواست کی کہ تفتیش کے لیے وہ اپنی ٹیم لاہور بھیج دیں، ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ کو عمران خان کے ساتھ تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی تاہم متعدد بار درخواست کے باوجود ایف ائی اے نے تعاون نہیں کیا۔خط میں استدعا کی گئی کہ عمران خان خط کے ذریعے اپنا بیان کیس کے حوالے سے داخل کروانا چاہتے ہیں جب کہ بشمول اسلام آباد ہائیکورٹ متعدد عدالتوں نے عمران خان کی طبی رپورٹس کو بلکل ٹھیک قرار دیا، بظاہر ایسا معلوم ہورہا کہ ایف آئی اے حکومت کے اشاروں پر کام کر رہی، ایف آئی اے کی نیت عمران خان سے تفتیش کرنے کی نہیں لگ رہی۔بنکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین آج سماعت کریں گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق بنکنگ کورٹ کو 28 فروری تک فیصلے سے روک رکھا ہے۔واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے بنکنگ کورٹ میں پیشی کی درخواست مسترد کر دی تھی، ہائیکورٹ نے عمران خان کو 28 فروری کو بنکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں