عمرہ زائرین کیلئے جڑانوالہ میں پولیو کارڈ کی سہولت کا مطالبہ

جڑانوالہ(نامہ نگار) عمرہ پر جانیوالے خوش نصیبوں کیلئے پولیو کارڈ کے حصول کیلئے جڑانوالہ میں سہولت فراہم کی جائے،پولیو کارڈ کیلئے فیصل آباد کا آن لائن سسٹم بھی 3ماہ سے غیر فعال،شہریوں کا وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ،تفصیلات کے مطا بق عمرہ کی سعادت حاصل کرنیوالے افراد کیلئے پولیو کے قطرے پلانے کا قانون نافذ کیا گیا ہے جس کیلئے فیصل آباد(ڈی ایچ او) دفتر میں سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں فیصل آباد صدر، سٹی ، جڑ ا نو ا لہ، سمندری، تاندلیانوالہ اور جھمرہ کی تحصیلوں کے رہائشی روزانہ کئی کئی کلو میٹر کا کٹھن سفر طے کرکے پولیو کارڈ کے حصول کیلئے آتے ہیں مذکورہ دفتر میں رش کے باعث عوام الناس کو کئی کئی دن نہ صرف انتظار کرنا پڑتا ہے جبکہ 3 ماہ سے آن لائن سسٹم بھی بند ہے جسکی بنا پر شہریوں کو پولیو کے قطروں کا مینوئل کارڈ فراہم کیا جا رہا ہے مذکورہ دفتر میں رش کے باعث دیگر تحصیلوں سے آئے شہریوں کو پولیو کارڈ کے حصول کیلئے کئی کئی گھنٹے انتظار کی سولی پر بھی لٹکنا پڑتا ہے جو انتہائی اذیت ناک امر ہے جبکہ پنجاب کی سب بڑی تحصیل جڑانوالہ میں بھی دفتر کی سہولت میسر نہ ہونے پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنیوالے خوش نصیب مرد/خواتین کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور روزانہ کی بیناد پر سفر کرنا پڑتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جڑانوالہ میں شہریوں کی آسانی کیلئے پولیو کارڈ کی سہولت دہلیز پر فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں