ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ملک میں رہ جانے والے وہ عمرہ زائرین جن کے ویزے ایکسپائر ہو چکے ہیں وہ 18اپریل تک بغیرکسی جرمانے کے اپنے ملکوں کو روانہ ہوسکتے ہیں۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ عالمی حالات کی وجہ سے مختلف ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین بروقت اپنے ملکوں کو نہ جاسکے۔ایسے زائرین جن کے ویزوں کی مدت 8 رمضان بمطابق 25 فروری 2026 کو ختم ہو گئی تھی اور وہ حالات کی وجہ سے سفر نہ کرسکے ان کے لیے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔وزارت کے مطابق عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے وزارت نے سول ایوی ایشن اور دیگر سرکاری اداروں کے اشتراک سے خصوصی آپریشن روم کو فعال کیا ہے جس کا مقصد عمرہ زائرین کو درپیش مشکلات کا فوری اور جامع حل پیش کرنا ہے۔عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ ویزے کی مدت میں توسیع کی فیس اور جرمانے کی ادائیگی کے بغیر اپنی واپسی کی سیٹ 18 اپریل سے پہلے تک کنفرم کرائیں اور مقررہ وقت ایئرپورٹ پہنچ جائیں تاکہ مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بغیرکسی جرمانے کے اپنے ممالک روانہ ہوسکیں۔واضح رہے کہ مملکت کے قانون کے مطابق عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنی واپسی کو مقررہ وقت پریقینی بنائیں بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔



