عمرہ کی آڑ میں منشیات سمگلنگ کروانے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے عمرہ کی آڑ میں سادہ لوح شہریوں سے منشیات سمگلنگ کروانے والے منظم گروہ کے سرغنہ اسرار اﷲ کو موچی گیٹ لاہور سے گرفتار کر لیا جبکہ اسکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق پکڑے جانیوالے ملزم اسرار اﷲ نے اپنے دیگر ساتھیوں سے ملکر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو مفت عمرہ کروانے کا جھانسہ دیکر عمرہ ویزا پر سعودی عرب بھجوایا اور متاثرہ خاندان کو ایک بیگ سعودی عرب پہنچانے کیلئے دیا۔ مذکورہ بیگ میں ملزم نے منشیات آئس چھپائی ہوئی تھی۔ سعودی حکام نے بیگ چیک کرنے پر منشیات برآمد ہوئی جس کے نتیجہ میں پورے خاندان کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور منشیات سمگلنگ کرنے کے الزام میں 368 گ ب سے تعلق رکھنے والے مذکورہ خاندان کی چار خواتین اور نوجوان کو سعودی عرب میں 20سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق عمرہ کروانے کی آڑ میں سادہ لوح شہریوں کے ذریعے منشیات سمگلنگ کروانے والے گروہ کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے بعد سعودی عرب میں سزا پانیوالے خاندان کی رہائی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں