عوامی سہولت،ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تجاوزات کیخلاف آپریشن ناگزیر ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن اور احکامات کی روشنی میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تجاوزات کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پیر محل ذوالفقار صابر کی زیر نگرانی تحصیل پیر محل میں مختلف مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے۔آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر قائم تھڑے، دکانیں اور فٹ پاتھوں پر رکھا گیا سامان ہٹا دیا گیا۔ متعدد مقامات پر وارننگ جاری کی گئی، جبکہ مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار صابر نے کہا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے یہ مہم ناگزیر ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پیر محل کو ایک صاف، محفوظ اور منظم شہر بنایا جا سکے۔تحصیل انتظامیہ کی جانب سے انکروچمنٹ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے جس کا مقصد نہ صرف موجودہ تجاوزات کا خاتمہ ہے بلکہ مستقبل میں دوبارہ تجاوزات کے رجحان کو روکنا بھی ہے۔ انکروچمنٹ سیل موثر نگرانی اور فوری کارروائی کو یقینی بنائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں